19 ستمبر, 2017

کیا کبھی کوئی رسول قتل نہیں ہوا


دور ِ جدید کے بعض تجدد پسند حضرات نے نبی اور رسول کے درمیان منصب اور درجے کے لحاظ سے فرق و امتیاز کی بحث کرتے ہوئے یہ نکتہ آفرینی بھی فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نبیوں کو تو اُن کی قوم بعض اوقات قتل بھی کردیتی رہی ہے مگر کسی قوم کے ہاتھوں کوئی رسول کبھی قتل نہیں ہوا۔ یہ لوگ اس امر کو ایک اُصول، ایک عقیدہ اور قانونِ الٰہی قرار دیتے ہیں کہ نبی کے لئے وفات پانے یا قتل ہونے کی دونوں صورتیں تو ممکن ہیں مگر رسول کبھی قتل نہیں ہوسکتا۔

چنانچہ جناب جاوید احمد غامدی کے امام صاحب مولانا امین احسن اصلاحی سورۂ ق کی آیت14کی تفسیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ
''رسول کا کسی قوم کے ہاتھوں قتل ہونا ثابت نہیں ہے۔'' 1

پھر اپنے امام صاحب کے اس متن کی گول مول شرح جاوید احمد غامدی صاحب نے یوں بیان فرمائی ہے کہ
''رسولوں کے بارے میں اس اہتمام کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ خدا کی زمین پرخدا کی کامل حجت بن کر آتے ہیں۔ وہ آفتابِ نیم روز کی طرح قوم کے آسمان پر چمکتے ہیں۔ کوئی دانا و بینا کسی دلیل و برہان کی بنا پر اُن کا انکارنہیںکرسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کو کسی حال میں ان کی تکذیب کرنے والوں کے حوالے نہیں کرتا۔ نبیوں کو ہم دیکھتے ہیں کہ ان کی قوم ان کی تکذیب ہی نہیںکرتی، بارہا اُن کے قتل کے درپے ہوجاتی ہے اور ایسا ہوا بھی ہے کہ وہ اس میں کامیاب ہوجاتی ہے... لیکن قرآن ہی سے معلوم ہوتا ہے کہ رسولوں کے معاملے میں اللہ کا قانون اس سے مختلف ہے۔''2

پھر مزید ارشاد فرمایا ہے کہ
'' نبی اپنی قوم کے مقابلے میں ناکام ہوسکتا ہے، لیکن رسولوں کے لئے غلبہ لازمی ہے۔'' 3

مگر ان متجددین اور منکرین ِحدیث کی یہ نکتہ طرازی بالکل غلط ہے اور خود قرآن مجید کے نصوص اور واضح احکام کے خلاف ہے۔ قرآنِ مجید کی اکثر آیات اس قدر واضح اور صریح انداز میں (عبارة النص کے طریقے پر) اس حقیقت کو بیان کرتی ہیں کہ انبیاے کرام کی طرح رسولوں کا قتل ہوجانا بھی ایک امر واقعہ ہے۔
قرآنِ مجید کے نصوص
قرآنِ مجید کے جن نصوص کی بنیاد پر ہم اس 'نئے عقیدے' اور اس 'نرالے اُصولِ دین' کو غلط قرار دیتے ہیں، ان کی تفصیل یہ ہے :
(1) سورۂ آلِ عمران میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ دوسرے رسولوں کی طرح حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے بھی وفات پانے یا قتل ہوجانے کی دونوںصورتوں کا امکان موجود ہے۔ گویا آپؐ کو طبعی موت بھی آسکتی ہے اور آپؐ مقتول بھی ہوسکتے ہیں:
وَمَا مُحَمَّدٌ إِلَّا رَ‌سُولٌ قَدْ خَلَتْ مِن قَبْلِهِ ٱلرُّ‌سُلُ ۚ أَفَإِن مَّاتَ أَوْ قُتِلَ ٱنقَلَبْتُمْ عَلَىٰٓ أَعْقَـٰبِكُمْ ۚ وَمَن يَنقَلِبْ عَلَىٰ عَقِبَيْهِ فَلَن يَضُرَّ‌ ٱللَّهَ شَيْـًٔا...﴿١٤٤﴾...سورۃ آل عمران
''اور محمدؐ تو بس ایک رسول ہیں۔ ان سے پہلے اور بھی رسول گزر چکے ہیں۔ پس اگر یہ وفات پاجائیں یا قتل ہوجائیں تو کیا تم اُلٹے پاؤں واپس چلے جاؤ گے اور جو کوئی بھی اُلٹے پاؤں واپس چلا جائے گا وہ اللہ کا کچھ بھی نقصان نہ کرے گا۔'' (آلِ عمران:144)

(2) سورۂ بقرہ میں بنی اسرائیل سے فرمایا گیاکہ
أَفَكُلَّمَا جَآءَكُمْ رَ‌سُولٌۢ بِمَا لَا تَهْوَىٰٓ أَنفُسُكُمُ ٱسْتَكْبَرْ‌تُمْ فَفَرِ‌يقًا كَذَّبْتُمْ وَفَرِ‌يقًا تَقْتُلُونَ ﴿٨٧﴾...سورۃ البقرۃ
''تو کیا جب کبھی کوئی رسول تمہارے پاس وہ چیز لے کر آیا جو تمہارے نفس کو پسند نہ آئی تو تم نے تکبر کی راہ اختیار کی۔ پھر بعض کو تم نے جھٹلایا اوربعض کو تم قتل کرتے تھے۔''

اس آیت سے واضح طور پرمعلوم ہواکہ بنی اسرائیل کے ہاتھوں کئی رسول قتل ہوئے تھے۔
(3) سورۂ مائدہ میں ارشاد ہواکہ
لَقَدْ أَخَذْنَا مِيثَـٰقَ بَنِىٓ إِسْرَ‌ٰٓ‌ءِيلَ وَأَرْ‌سَلْنَآ إِلَيْهِمْ رُ‌سُلًا ۖ كُلَّمَا جَآءَهُمْ رَ‌سُولٌۢ بِمَا لَا تَهْوَىٰٓ أَنفُسُهُمْ فَرِ‌يقًا كَذَّبُوا۟ وَفَرِ‌يقًا يَقْتُلُونَ ﴿٧٠﴾ ...سورۃ المائدہ
''بیشک ہم نے بنی اسرائیل سے عہد لیا اور ان کے پاس کئی رسول بھیجے۔ جب کبھی کوئی رسول انکے پاس وہ چیز لایا جو اُن کو پسند نہ آئی تو بعض کو وہ جھٹلاتے اور بعض کو قتل کر ڈالتے تھے۔''

اس آیت سے بھی صریح طور پر معلوم ہوا کہ بنی اسرائیل نے اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے کئی رسولوں کوقتل کیا تھا۔
(4) سورۂ آلِ عمران میں بنی اسرائیل کے بارے میں ارشاد ہواکہ
ٱلَّذِينَ قَالُوٓا إِنَّ ٱللَّهَ عَهِدَ إِلَيْنَآ أَلَّا نُؤْمِنَ لِرَ‌سُولٍ حَتَّىٰ يَأْتِيَنَا بِقُرْ‌بَانٍ تَأْكُلُهُ ٱلنَّارُ‌ ۗ قُلْ قَدْ جَآءَكُمْ رُ‌سُلٌ مِّن قَبْلِى بِٱلْبَيِّنَـٰتِ وَبِٱلَّذِى قُلْتُمْ فَلِمَ قَتَلْتُمُوهُمْ إِن كُنتُمْ صَـٰدِقِينَ ﴿١٨٣﴾...سورۃ آل عمران
''یہ لوگ کہتے ہیں کہ اللہ نے ہمیں حکم دیا تھا کہ ہم کسی رسول پر ایمان نہ لائیں جب تک وہ ہمارے سامنے ایسی قربانی نہ پیش کرے جسے آگ کھا جائے۔ آپؐ کہہ دیجئے کہ مجھ سے پہلے تمہارے پاس کئی رسول آئے، نشانیاں لے کر اور اس چیز کے ساتھ جسے تم کہہ رہے ہو، پھر تم نے ان کو قتل کیوں کیا؟ اگر تم سچے ہو۔''

اس مقام پر بنی اسرائیل کے بارے میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ ان کادعویٰ یہ تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اُن سے یہ عہد کررکھا تھا کہ وہ کسی ایسے رسول پر ایمان نہ لائیں جو ان کے سامنے نیاز یا قربانی کو آسمانی آگ سے نہ جلا دکھائے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے اس دعوے کا یہ جواب دیا ہے کہ اے نبیؐ! آپؐ ان سے کہہ دیں کہ اگر یہی بات ہے تو جو رسول اور پیغمبر اُن کے پاس دلائل اور مذکورہ معجزہ بھی لاتے رہے، اُن کی اُنہوں نے تکذیب کیوں کی تھی اور ان میں سے بعض کو قتل کیوں کیاتھا؟
قرآن مجید کے یہ واضح نصوص ہیں جن سے صریح طور پر ثابت ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نبیوں کی طرح رسول بھی بعض اوقات اپنی قوم کے ہاتھوں قتل ہوئے ہیں۔ بالخصوص بنی اسرائیل کے بارے میں ارشاد ہوا کہ اُنہوں نے بہت سے رسولوں کو نہ صرف جھٹلایاتھا بلکہ اُن کو قتل بھی کرڈالا تھا۔ مذکورہ دلائل و براہین کے بعد یہ دعویٰ کرنے کی کیاگنجائش باقی رہ جاتی ہے کہ قانون الٰہی یہی رہا ہے کہ کبھی کوئی رسول کسی قوم کے ہاتھوں قتل نہیں ہوا؟
متجددین کافکری تضاد
متجددین حضرات کے ہاں فکری تضاد کی بہت فراوانی ہے۔ یہ لوگ ایک جگہ ایک بات کا اقرار کرتے ہیں تو دوسرے مقام پر اُسی کا انکار کردیتے ہیں اور لطف یہ ہے کہ اپنی اس تضاد بیانی کو 'علم و تحقیق' کانام دیتے ہیں۔

حدِ رجم کامعاملہ ہو یا اجماعِ اُمت کے کسی فیصلے کا، خبر واحد کی حجیت کی بات ہو یا صحیح احادیث کے واجب العمل ہونے کی۔ جہاد کی بحث ہو یا مرتد کی سزا کی، عورت کی گواہی کا معاملہ ہو یا اُس کی دیت کا... غرض یہ لوگ ہر جگہ فکری تضاد اور ذہنی انتشار کا شکارنظر آتے ہیں۔ اپنے من گھڑت اُصولِ دین کے ذریعے یہ حضرات پورے دین اسلام کا تیاپانچا کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ دوسرے کو دھوکا دیتے اور حقیقت میں خود دھوکا کھاتے ہیں!!
اب ہم ان کے فکری تضاد کو ان کے اپنے الفاظ میں واضح کریں گے۔ ان شاء اللہ

(1) آلِ عمران کی آیت 144 کی تفسیر کرتے ہوئے مولانااصلاحی صاحب لکھتے ہیں کہ
''مطلب یہ ہے کہ جس طرح دنیا میں بہت سے رسول گزرے ہیں، اسی طرح محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) بھی اللہ کے رسول ہیں۔ جس طرح کی آزمائشیں اور مصیبتیں دوسرے رسولوں کو پیش آئیں، اسی طرح کی آزمائشیں اورمصیبتیں انہیںبھی پیش آسکتی ہیں۔ جس طرح تمام رسولوں کو موت کے مرحلہ سے گزرنا پڑا، اُنہیں بھی ایک دن وفات پانا ہے۔ ان کے رسول ہونے کے معنی یہ نہیں ہیں کہ یہ وفات نہیں پائیںگے یا قتل نہیں ہوسکتے یاکسی مصیبت یا ہزیمت کااِبتلا انہیں پیش نہیںآسکتا۔ اگر کسی نے اس غلط فہمی کے ساتھ اسلام قبول کیا تھا اور اب اُحد کے حادثے کے بعد کسی تذبذب میںمبتلا ہوگیا ہے اور وہ از سرنو جاہلیت کی زندگی کی طرف پلٹ جانا چاہتا ہے تو پلٹ جائے، وہ اللہ کا کچھ نہیں بگاڑے گا بلکہ اپنی ہی دنیا اور آخرت برباد کرے گا۔'' 4

اس سے معلوم ہوا کہ مولانا صاحب کے بیان کے مطابق یہ غلط فہمی ہے کہ کوئی رسول قتل نہیں ہوسکتا۔ اب ایک اور مقام پر دیکھئے۔
(2) آلِ عمران آیت 183 کی تفسیر کرتے ہوئے مولانااصلاحی صاحب لکھتے ہیں:
''اُن سے کہہ دو کہ مجھ سے پہلے ایسے رسول آچکے ہیں ، جو نہایت واضح نشانیاں لے کرآئے اور وہ معجزہ بھی اُنہوں نے دکھایا جس کا تم نے ذکر کیا تو تم نے ان کو قتل کیوں کیا؟ تمہارا یہ فعل تو اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ تم اپنی اس بات میں بھی جھوٹے ہو۔ اگر تم کو یہ معجزہ بھی دکھایاجائے گا جب بھی اپنی اسی ضد پر اَڑے رہو گے اور ایمان نہ لانے کاکوئی اور بہانہ تلاش کرلو گے۔ '' 5

مولاناکے اس بیان سے واضح ہے کہ کئی رسولوں کو اُنہوں (بنی اسرائیل) نے قتل کیاتھا۔
(3) پھر اسی کتاب میں مولانا اصلاحی صاحب سورۂ مائدہ کی آیت 70 کی تفسیر کرتے ہوئے بنی اسرائیل کے بارے میں لکھتے ہیں کہ
''فرمایا کہ ان سے جس کتاب و شریعت کی پابندی کا عہد لیا گیا تھا اور جس کی تجدید اور یاددہانی کے لئے اللہ نے یکے بعد دیگرے اپنے بہت سے رسول اور نبی بھیجے، اس عہد کو اُنہوں نے توڑ دیا اور جو رسول اس کی تجدید اور یاددہانی کے لئے آئے ہیں، ان کی باتوں کو اپنی خواہشات کے خلاف پاکر یا تو ان کی تکذیب کردی یااُن کوقتل کردیا۔'' 6

اس جگہ بھی مولانا صاحب نے اپنے ابتدائی دعوے کے خلاف رسولوں کے قتل ہونے کو تسلیم کیا ہے۔ اس طرح مولانا اصلاحی صاحب ایک ہی سانس میںرسولوں کے قتل ہونے کا انکار بھی کردیتے ہیں اور اقراربھی کرلیتے ہیں۔ع جناب شیخ کا نقش ِ قدم یوں بھی ہے اور یوں بھی!
تو جناب یہ ہے تدبر قرآن اور قرآن پر 'تدبر' کرنے اور اس پر 'تحقیق' کرنے کا وہ انوکھا انداز جس سے بے چارے تمام مفسرین کرام محروم رہے ہیں۔
مولانا اصلاحی صاحب نے اپنی تفسیر اور اپنی دوسری تالیفات میں فکری تضادات کے بہت سے شاہکار 'تحقیق' کے نام سے پیش کئے ہیں جن کو میں نے اپنی کتاب 'حد ِ رجم' میں بے نقاب کردیا ہے۔ ان میں سے چند ایک یہ ہیں کہ
 شادی شدہ زانی کے لئے رجم کی سزا ہے بھی اور نہیں بھی ہے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام وفات بھی پاچکے ہیں اور اُن کی وفات نہیںبھی ہوئی ہے۔وہ ابلیس فوت ہوچکا ہے جس نے آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے سے انکار کیا تھا اور وہ ابھی تک زندہ بھی ہے۔احادیث دین میں حجت بھی ہیں اور حجت نہیں بھی ہیں۔اجماعِ اُمت حجت بھی ہے اور حجت نہیں بھی ہے۔خبر واحد حجت ہو بھی سکتی ہے اور حجت نہیں بھی ہوسکتی۔ بائبل تحریف شدہ بھی ہے اور اس سے شریعت کے احکام بھی مستنبط کئے جاسکتے ہیں۔اسلامی حدود و تعزیرات وحشیانہ بھی ہیں اور منصفانہ بھی۔سنت سے قرآن کے کسی حکم کی تخصیص یا تحدید و تقیید ہو بھی سکتی ہے اور نہیں بھی ہوسکتی۔قرآنِ مجید میں قراء ات کا اختلاف درست بھی ہے اور غلط بھی۔جارحانہ جہاد جائز بھی ہے اور ناجائز بھی۔
متجددین اور منکرین ِحدیث کی تحریروں اور تقریروں میں کثرت سے فکری تضادات پائے جاتے ہیں۔ یہ لوگ ایک جگہ ایک اُصول کو مانتے ہیں، دوسری جگہ اسی اُصول کا انکار کردیتے ہیں کبھی علماے اُمت کو حجت اوردلیل مانتے ہیں اور کبھی ان کی تحقیر اور استخفاف کرنے لگ جاتے ہیں۔ غرض 'دروغ گو را حافظہ نباشد' والی بات ان پر پوری طرح صادق آتی ہے۔

دراصل دین اسلام ایک اکائی ہے اور ایک مربوط نظامِ فکر و عمل ہے۔ جو شخص اس عمارت میں سے کوئی ایک اینٹ بھی اُس کی جگہ سے اُکھیڑے گا تو اس سے پوری عمارت متاثر ہوگی اور دیکھنے والی نگاہ فوراً اس خرابی پرپڑے گی اور نقص کی نشاندہی کردے گی اور گمراہی نظر آجائے گی۔ اس سے پہلے بھی ہم 'محدث' کے صفحات میںمتجددین اور منکرین حدیث بالخصوص مولانا امین احسن اصلاحی اور ان کے اندھے مقلد جناب جاوید احمد غامدی کے افکار ونظریات کا تنقیدی جائزہ لیتے رہے ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ہم اُن کی ایک ایک تاویلِ فاسد اور گمراہی کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
حوالہ جات

1. تدبر قرآن : 7؍542
2. ماہنامہ 'اشراق' اگست 1988ء صفحہ 68 نیز 'میزان' حصہ اوّل، صفحہ 21 مطبوعہ مئی 1985ئ
3. میزان حصہ اوّل، صفحہ 23، مطبوعہ مئی 1985ئ
4. تدبر قرآن: 2؍ 185،186
5. تدبرقرآن:2؍220،221
6. تدبر قرآن: 2؍ 566

0 تبصرے:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

بلاگ میں تلاش کریں